ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : محکمہ جنگلات کی طرف سے کاٹے جارہے ہیں لاکھوں درخت ۔ جنگلاتی زمین حقوق ہوراٹا سمیتی صدر کا انکشاف 

بھٹکل : محکمہ جنگلات کی طرف سے کاٹے جارہے ہیں لاکھوں درخت ۔ جنگلاتی زمین حقوق ہوراٹا سمیتی صدر کا انکشاف 

Mon, 07 Mar 2022 11:16:21    S.O. News Service

بھٹکل، 7؍ مارچ (ایس او نیوز) جنگلاتی زمین پر آباد لوگوں کے قانونی حقوق کے لئے جدوجہد کررہی ہوراٹا سمیتی کے ضلع صدر رویندرا نائک نے انکشاف کیا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ضلع شمالی کینرا میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک لاکھ سے زیادہ درخت کاٹے گئے ہیں ۔

بھٹکل تعلقہ کے بیلکے میں منعقدہ "جنگل واسیوں کو بچاو" پروگرام  کا افتتاح کرتے ہوئے  رویندرا نائک نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے  محکمہ جنگلات کی اس پالیسی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس طرف سنجیدگی سے توجہ دینا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگل واسی جنگلات کو فروغ دینے کا کام کرتے ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کے افسران ترقیاتی منصوبوں کے نام پر جنگلات کو کاٹنے میں لگے ہیں جس سے ماحولیاتی مصائب سامنے آ رہے ہیں ۔ اس کے خلاف عوام میں بیداری لانے کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ 

انہوں نے بتایا کہ "جنگل واسیوں کو بچاو" مہم کے دوران جنگلاتی زمین پر بسنے والوں کو اخلاقی حمایت اور قانونی جانکاری فراہم کی جائے گی ۔ اس سے ان کے اندر بیداری لانے میں کامیابی مل رہی ہے ۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ جنگل واسیوں پر ہو رہے محکمہ جنگلات کے ظلم و ستم کے خلاف ہوراٹا سمیتی پوری طرح سرگرم ہے ۔ انہوں نے اپیل کی کہ جنگل واسیوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرنے والی اس تنظیم کو تقویت پہنچائی جائے کیونکہ تنظیمی سطح پر جدوجہد سے جنگلاتی حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔

 ضلع کنوینر دیوراگ گونڈا، پانڈورنگ نائک ، عبدالقیوم اور سویتا گونڈا نے بھی خطاب کیا ۔ اسٹیج پر شبیر ، رضوان صدیقہ ، رمیش نائک، وینکٹیش وئیدیا، اننت موگیر، کاویری نائک ، بھاسکر گونڈا ، گنیش گونڈا، گنپتی گونڈا وغیرہ موجود تھے ۔


Share: